21 جون 2026 - 16:39
"کربلا؛ حق شناسی" کے عنوان سے اصغریہ آرگنائزیشن خواتین یونٹ میوو خان لغاری کے زیر اہتمام عشرۂ محرم کا انعقاد

اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان خواتین یونٹ میوو خان لغاری، ضلع میرپورخاص کے زیر اہتمام "کربلا؛ حق شناسی" کے عنوان سے سالانہ عشرۂ محرم الحرام کا انعقاد جاری ہے، جس میں خواتین کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے اور واقعۂ کربلا کے پیغام کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان خواتین یونٹ میوو خان لغاری، ضلع میرپورخاص کے زیر اہتمام یکم تا 10 محرم الحرام 1448ھ بمطابق 2026-27ء سالانہ عشرۂ محرم الحرام "کربلا؛ حق شناسی" کے عنوان سے عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کیا جا رہا ہے۔

عشرۂ محرم کی مجالس میں خواتین کی کثیر تعداد شرکت کر رہی ہے اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے۔

اس موقع پر معلمہ خواہر یاسمین ہاشمانی اور خواہر سمیرا فاطمی اصغری خطابات کر رہی ہیں۔ مقررین نے اپنے خطابات میں تحریکِ کربلا کے عظیم مقصد، حق و باطل کی پہچان، امام حسینؑ کی حق پرستی، صبر و استقامت، ایثار اور قربانی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ واقعۂ کربلا صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ہر دور کے انسان کے لیے حق شناسی، ظلم کے خلاف قیام اور دینی اقدار کے تحفظ کا عملی درس ہے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو کربلا کے پیغام سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں بیداری، شعور اور دینی اقدار کو فروغ دیا جا سکے۔

مجالسِ عزا کے اختتام پر شہدائے کربلا کے درجات کی بلندی، امت مسلمہ کے اتحاد اور پاکستان کی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha